حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قم المقدسہ/ ایامِ فاطمیہ کے موقع پر حرم مطہر حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا سے مسجد مقدس جمکران تک منعقد ہونے والے روحانی و معنوی پیدل مارچ ’’مشی فاطمیہ‘‘ میں ایران میں مقیم پاکستانی علما و طلاب نے خدمتِ زائرین کے جذبے کے تحت بھرپور حصہ لیتے ہوئے اپنی دینی و سماجی ذمہ داریوں کا عملی مظاہرہ کیا۔

رپورٹ کے مطابق، جامعہ روحانیت خیبرپختونخوا، قم المقدسہ کی جانب سے اس موقع پر ’’موکب شہید عارف حسین الحسینی‘‘ قائم کیا گیا، جہاں پیدل مارچ میں شریک زائرین اور عزادارانِ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی خدمت اور پذیرائی کے لیے مختلف انتظامات کیے گئے۔
بلوّار پیامبر اعظم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، ستون نمبر 28 پر قائم اس موکب میں پاکستانی علما و طلاب نے عقیدت و خلوص کے ساتھ خدمات انجام دیں اور پیدل مارچ میں شریک عزاداروں اور زائرین کی میزبانی کا اہتمام کیا۔ اس اقدام کے ذریعے انہوں نے اہلِ بیت علیہم السلام سے اپنی والہانہ عقیدت کے ساتھ ساتھ خدمتِ خلق اور زائرین کی میزبانی کے جذبے کا بھی اظہار کیا۔

مشی فاطمیہ جیسے عظیم مذہبی اجتماع میں پاکستانی طلاب کی یہ اجتماعی کاوش اس بات کی عکاس ہے کہ دینی مدارس کے علما و طلاب نہ صرف علمی و تبلیغی میدان میں سرگرم ہیں بلکہ عملی خدمت، اخوت، ہمدردی اور اہلِ بیت علیہم السلام کی تعلیمات کو معاشرے میں فروغ دینے کے حوالے سے بھی پیش پیش ہیں۔
موکب شہید عارف حسین الحسینی کا قیام دراصل شہدائے اسلام کی یاد کو زندہ رکھنے، مکتبِ اہلِ بیت علیہم السلام سے وابستگی کو مضبوط بنانے اور زائرین کی خدمت کے ذریعے ایامِ فاطمیہ کے پیغام کو عملی طور پر اجاگر کرنے کی ایک قابلِ تحسین کوشش ہے۔










آپ کا تبصرہ